ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو: ٹول گیٹ پر’فاسٹیاگ‘کا استعمال۔ مخالفت میں منعقد ہوا تلپاڈی ٹول گیٹ کے پاس اجلاس

منگلورو: ٹول گیٹ پر’فاسٹیاگ‘کا استعمال۔ مخالفت میں منعقد ہوا تلپاڈی ٹول گیٹ کے پاس اجلاس

Wed, 27 Nov 2019 12:18:43    S.O. News Service

منگلورو 27/نومبر (ایس ا و نیوز)یکم دسمبر سے چار پہیہ گاڑیوں سے ٹول وصولی کے لئے ’فاسٹیاگ‘ کے استعمال کو لازمی قرار دینے کے خلاف الال بلاک کانگریس کی طرف سے تلپاڈی ٹول گیٹ کے پاس احتجاجی اجلاس منعقد کیا گیا۔

 تعلقہ پنچایت صدر ابوبکر صدیق کی قیادت میں الال بلاک کانگریس کی طرف سے منعقدہ اس اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلاک کانگریس صدر سنتوش کمار شیٹی نے کہا کہ فاسٹیاگ کا انتظام کرنے سے پہلے رکن پارلیمان کو چاہیے کہ نیشنل ہائی وے کی حالت کو درست کروائیں۔کبھی کبھار اس راستے سے گزرنے والے اگر اپنی گاڑی پر فاسٹیاگ نہیں لگائیں گے تو دوگنی رقم وصول کرنے کی بات کہی گئی ہے۔مقامی لوگوں کو رعایت دی جانی چاہیے۔ اس سے ہٹ کر مزید کوئی اور بوجھ ڈالا جائے گا تو سیاسی مفاد سے ہٹ کر ایک عوامی احتجاج شروع کیا جائے گا۔

تعلقہ پنچایت صدر محمد مونو ملار نے کہا کہ پمپ ویل کا فلائی اوور کئی برس گزرنے کے بعد بھی مکمل نہیں ہوسکا ہے۔سابقہ ضلع انچارج وزیر کے زمانے میں مقامی لوگوں کو خاص رعایت دینے کی درخواست ڈپٹی کمشنر کو دی گئی تھی۔لیکن اب اچانک فاسٹیاگ جاری کیا گیا ہے۔اس کی وجہ سے دن میں پانچ بار مسجد میں نماز کے لئے اور مندر میں پوجا کے لئے جانے والے مقامی لوگوں کو روزانہ کئی مرتبہ ٹیکس ادا کرنے پر مجبور ہوجائیں گے۔اس لئے ہمارا مطالبہ ہے کہ مقامی لوگوں کے لئے ایک الگ گیٹ بنائی جانی چاہیے۔اس سلسلے میں ضلع انچارج وزیر، رکن اسمبلی، رکن پارلیمان اور ڈپٹی کمشنروغیرہ مشترکہ میٹنگ طلب کرکے مناسب اقدام کریں۔

 گڈی ناڈ رکھشنا ویدیکے کے صدر صدیق تلپاڈی نے کہا کہ فاسٹیاگ کی وجہ سے بسوں کے ٹکٹ میں اضافہ کیا گیاتو ہم خاموش نہیں رہیں گے۔اگر یہ سلسلہ شروع ہواتو مقامی لوگ اپنے روزگار سے محروم ہوجائیں گے۔ایسی صورت میں یکم دسمبر سے فاسٹیاگ جاری ہونا دور کی بات ہے، ٹول گیٹ ہی اپنی جگہ باقی نہیں رہے گا۔اس موقع پر بہت سے کانگریسی لیڈر اور کارکنان موجود تھے۔


Share: